مسلم کونسل آف ایلڈرز، فضیلت مآب امامِ اکبر پروفیسر ڈاکٹر احمد الطیب، شیخ الازہر الشریف کی سربراہی میں، مملکتِ بحرین، ریاستِ کویت، مملکتِ اردنِ ہاشمی اور عراقی کردستان کے علاقے کو میزائلوں اور ڈرون طیاروں کے ذریعے نشانہ بنانے والے ایرانی جارحانہ حملوں کی شدید مذمت کرتی ہے۔
مسلم کونسل آف ایلڈرز نے اپنے بیان میں ایسے حملوں کو قطعی طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہمسایہ ممالک پر اس نوعیت کی جارحیت، پُرامن شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانا اور عام لوگوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالنا ناقابلِ قبول ہے۔ کونسل نے مزید کہا کہ یہ اقدامات دینِ اسلام کی تعلیمات، انسانی اور اخلاقی اقدار کے منافی ہیں، نیز بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی کھلی خلاف ورزی اور ریاستوں کی خودمختاری، امن اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
مسلم کونسل آف ایلڈرز نے مملکتِ بحرین، ریاستِ کویت، مملکتِ اردنِ ہاشمی، جمہوریہ عراق اور حکومتِ خطۂ کردستان عراق کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا، اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ان ممالک کی خودمختاری، سلامتی اور استحکام کے تحفظ، نیز اپنے شہریوں اور مقیم افراد کی حفاظت کے لیے اٹھائے جانے والے تمام اقدامات کی حمایت کرتی ہے۔
