مسلم کونسل آف ایلڈرز، فضیلت مآب امامِ اکبر پروفیسر ڈاکٹر احمد الطیب، شیخ الازہر الشریف کی سربراہی میں، فلسطینی مقبوضہ علاقوں میں قابض اسرائیل کی جانب سے جاری غیر قانونی آبادکاری پالیسیوں کی مذمت کرتے ہوئے مشرقی مقبوضہ القدس میں "E1” آبادکاری منصوبے اور اس سے متعلق دیگر آبادکاری سرگرمیوں کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔
مسلم کونسل آف ایلڈرز نے زور دیا کہ یہ آبادکاری منصوبے بین الاقوامی قانون اور اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ اور کونسل نے خبردار کیا کہ ایسی سرگرمیاں خطے میں امن کے قیام کی کوششوں کو شدید نقصان پہنچاتی ہیں اور فلسطینی علاقوں کے جغرافیائی تسلسل کو متاثر کرتی ہیں، خصوصاً مغربی کنارے (ویسٹ بینک) اور القدس کے درمیان رابطے کو کمزور کرتی ہیں۔ اس کے نتیجے میں ایک آزاد، جغرافیائی طور پر مربوط اور قابلِ عمل فلسطینی ریاست کے قیام کے امکانات خطرے میں پڑ سکتے ہیں۔
مسلم کونسل آف ایلڈرز نے فلسطینی عوام اور ان کی املاک کے خلاف آبادکاروں کی جانب سے کی جانے والی خلاف ورزیوں اور پرتشدد کارروائیوں کی بھی مذمت کی، جنہیں اس کے مطابق قابض اسرائیلی حکام کی حمایت حاصل ہے۔
کونسل نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں ادا کرے اور ان خلاف ورزیوں اور غیر قانونی آبادکاری کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔ ساتھ ہی فلسطینی عوام کے تحفظ، ان کے ناقابلِ تنسیخ حقوق کے دفاع، اور فلسطینی مسئلے کے منصفانہ اور جامع حل کے لیے عملی اقدامات کی اپیل کی۔
مسلم کونسل آف ایلڈرز نے اس بات کا اعادہ کیا کہ فلسطینی عوام کو اپنی آزاد ریاست قائم کرنے کا جائز حق حاصل ہے، جس کا دارالحکومت القدس شریف ہو۔
