مسلم کونسل آف ایلڈرز، فضیلت مآب امامِ اکبر پروفیسر ڈاکٹر احمد الطیب، شیخ الازہر الشریف کی سربراہی میں، اس بات پر زور دیتی ہے کہ تہذیبوں کے درمیان مکالمہ اقوام اور ثقافتوں کے درمیان باہمی سمجھ بوجھ اور قربت کو فروغ دینے کا ایک اہم ترین ذریعہ ہے۔ یہ مکالمہ امن، بقائے باہمی اور باہمی احترام کی اقدار کو مضبوط کرتا ہے، اور مشترکہ عالمی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے ساتھ ساتھ انسانیت کے لیے ایک زیادہ محفوظ اور مستحکم مستقبل کی تعمیر میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
عالمی یومِ مکالمۂ تہذیب (جو ہر سال 10 جون کو منایا جاتا ہے) کے موقع پر جاری بیان میں کونسل نے کہا کہ آج کی دنیا کو پہلے سے کہیں زیادہ تہذیبوں اور ثقافتوں کے درمیان مکالمے اور تعاون کے فروغ کی ضرورت ہے۔ کونسل نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تہذیبی اور ثقافتی تنوع انسانی ترقی اور علمی تکمیل کا ایک اہم ذریعہ ہے، اور انسانی تہذیبیں، خصوصاً اسلامی تہذیب، تاریخ کے مختلف ادوار میں تعامل، تبادلہ اور تعاون کے ذریعے مشترکہ انسانی ورثے کی تعمیر میں نمایاں کردار ادا کرتی رہی ہیں۔
مسلم کونسل آف ایلڈرز تہذیبوں اور ثقافتوں کے درمیان مکالمے کو فروغ دینے کے لیے مستقل کوششیں کر رہی ہے، کیونکہ اس کا یقین ہے کہ باہمی تعارف، سمجھ بوجھ اور تعاون عالمی امن کے قیام کے لیے بنیادی ستون ہیں۔ اسی سلسلے میں کونسل نے ’’مکالمۂ مشرق و مغرب برائے انسانی بقائے باہمی‘‘ کے سات ادوار منعقد کیے ہیں، اور متعدد نمایاں اقدامات شروع کیے ہیں، جن میں بین الاقوامی قوافلِ امن، امن ساز نوجوان فورم، اور طلبہ کے درمیان اخوتِ انسانی کے فروغ کے پروگرام شامل ہیں۔ ان اقدامات نے مختلف مذاہب اور ثقافتوں کے پیروکاروں کے درمیان رابطوں کو وسعت دینے اور مکالمے کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
کونسل نے مزید اس بات پر زور دیا کہ انسانی بھائی چارے کے چارٹر (دستاویزِ اخوتِ انسانی) – جس پر 2019 میں ابوظہبی میں فضیلت مآب امامِ اکبر پروفیسر ڈاکٹر احمد الطیب، شیخ الازہر الشریف اور سابق پوپ فرانسس نے دستخط کے تھے- بین المذاہب اور بین الثقافتی مکالمے اور تعاون کی ایک عالمی مثالی مثال ہے۔ کونسل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ انسانیت کا مستقبل مکالمے، باہمی احترام، تعاون، اور امن و انصاف کی اقدار کے فروغ سے ہی تعمیر کیا جا سکتا ہے۔
مسلم کونسل آف ایلڈرز: تہذیبوں کے درمیان مکالمہ امن اور باہمی افہام و تفہیم کے فروغ کے لیے ایک بنیادی ستون
