Muslim Elders

عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر مسلم کونسل آف ایلڈرز کرۂ ارض کے تحفظ اور آنے والی نسلوں کے لیے پائیدار مستقبل یقینی بنانے کے لیے مشترکہ کوششوں کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتی ہے۔

مسلم کونسل آف ایلڈرز، فضیلت مآب امامِ اکبر پروفیسر ڈاکٹر احمد الطیب، شیخ الازہر الشریف کی سربراہی میں، اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ ماحولیات کا تحفظ اور قدرتی وسائل کی حفاظت ایک مشترکہ اخلاقی اور انسانی ذمہ داری ہے، جس کے لیے دنیا بھر کی اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں تاکہ بڑھتے ہوئے ماحولیاتی چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکے اور آئندہ نسلوں کے لیے ایک زیادہ پائیدار مستقبل یقینی بنایا جا سکے۔

کونسل نے اپنے بیان میں، جو ہر سال 5 جون کو منائے جانے والے عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر جاری کیا گیا، کہا کہ دینِ اسلام اور تمام آسمانی مذاہب زمین کی آباد کاری اور اس میں فساد نہ پھیلانے کی تعلیم دیتے ہیں، اور قدرتی وسائل کے استعمال میں اعتدال اور ذمہ داری کی اقدار کو فروغ دیتے ہیں، تاکہ ترقی کی ضروریات اور ماحول کے تحفظ کے درمیان توازن قائم کیا جا سکے۔

بیان میں ماحولیاتی آگاہی کو فروغ دینے اور موسمیاتی تبدیلی، آلودگی اور حیاتیاتی تنوع کے نقصان جیسے مسائل سے نمٹنے کے لیے اقدامات کی حمایت کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔ کونسل نے واضح کیا کہ ماحولیات کا تحفظ اب صرف مقامی یا علاقائی مسئلہ نہیں رہا بلکہ ایک عالمی ذمہ داری بن چکا ہے، جس کے لیے مؤثر بین الاقوامی تعاون اور پائیدار شراکت داریوں کی ضرورت ہے۔

مسلم کونسل آف ایلڈرز دنیا بھر میں مذہبی رہنماؤں کے کردار کو عالمی چیلنجز- خاص طور پر ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی- کے مقابلے میں مضبوط بنانے کے لیے نمایاں کوششیں کر رہی ہے۔ اسی سلسلے میں کونسل نے “عالمی مذہبی رہنماؤں کی موسمیاتی کانفرنس” کا انعقاد کیا، جس کے نتیجے میں “ضمیر کی پکار: موسمیات کے لیے ابوظبی مشترکہ اعلامیہ” جاری کیا گیا، جس پر دنیا بھر کے 30 سے زائد نمایاں مذہبی رہنماؤں نے دستخط کیے، جن میں شیخ الازہر ڈاکٹر احمد الطیب اورسابق پوپ فرانسس بھی شامل ہیں۔
اسی طرح کونسل نے متحدہ عرب امارات میں منعقد ہونے والی COP28 اور جمہوریہ آذربائیجان میں منعقد ہونے والی COP29 موسمیاتی کانفرنسوں کے دوران پہلی بار “بین المذاہب پویلین” قائم کیا، جس نے ماحولیات کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی کے خلاف عالمی کوششوں میں مذاہب اور اخلاقی اقدار کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔
آخر میں مسلم کونسل آف ایلڈرز اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ ماحولیات کا خیال رکھنا اور قدرتی وسائل کی حفاظت کرنا انسان کی اپنے آپ، اپنے معاشرے اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک بنیادی ذمہ داری ہے، اور زمین کی حفاظت اور انسانیت کے مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے کی دعوت دی۔