نفرت انگیز تقاریر سے نمٹنے کے عالمی دن کے موقع پر مسلم کونسل آف ایلڈرز فضیلت مآب امام اکبر پروفیسر ڈاکٹر احمد الطیب، شیخ الازہر، کی سربراہی میں اس بات کی تاکید کرتی ہے کہ نفرت انگیز، نسلی، تعصُّب اور امتیازی سلوک کی تقاریر کا مقابلہ کرنا ایک انسانی، اخلاقی اور مذہبی ضرورت ہے خاص طور پر اس پس منظر میں جب دنیا میں تشدد، اشتعال انگیزی اور تقسیم کے مظاہر میں اضافہ ہو رہا ہے، اور اس کے نتیجے میں معاشرتی امن اور انسانی بقائے باہمی کے لیے براہ راست خطرات پیدا ہو رہے ہیں۔
مسلم کونسل آف ایلڈرز نے، نفرت انگیز تقاریر سے نمٹنے کے عالمی دن کے موقع پر، جو ہر سال 18 جون کو منایا جاتا ہے، زبانی اشتعال انگیزی، نسلی امتیاز اور اخراج کی تقاریر کے خلاف چشم پوشی کے نتائج سے آگاہ کیا۔ خاص طور پر ڈیجیٹل اور میڈیا کے ماحول میں، جو نفرت اور دشمنی کے جذبات کو بڑھاوا دیتے ہیں، اور انتہا پسندی اور تشدد کے لیے زرخیز زمین پیدا کرتے ہیں۔ اس بات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہ ایسی قانون سازی کی جائے جو ان تقاریر کو محدود کرے۔
بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ اسلامی شریعت نے ہر اس چیز سے منع کیا ہے جو فتنہ اور عداوت کو بڑھاتی ہے، اللہ تعالی کا ارشاد ہے: {اور اپنے بندوں سے کہو کہ وہ ایسی باتیں کریں جو بہترین ہیں} [الإسراء: 53]، اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: «اچھی بات صدقہ ہے» جبکہ دین اسلام ہمیں باہمی رحم اور احترام کی اقدار کو بلند کرنے، برداشت کی ثقافت کو فروغ دینے، تنوع اور کثرت کا احترام کرنے، اور انسانی بھائی چارے کے اصولوں کو مستحکم کرنے کی ترغیب دیتا ہے، جو قوموں اور معاشروں کے لیے امن اور استحکام کی حقیقی ضمانت ہیں۔
مسلم کونسل آف ایلڈرز مکالمے، پرامن بقائے باہمی اور باہمی احترام کی اقدار کو پھیلانے کے لیے انتھک کوششیں کر رہی ہے، جو کہ متعدد نمایاں اقدامات کے ذریعے ہے، جن میں مشرق اور مغرب کے درمیان مکالمہ، اسلامی اسلامی مکالمہ، بین الاقوامی امن قافلے، نوجوان امن ساز فورم، وغیرہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، 2019 میں ابوظبی میں فضیلت مآب امام اکبر پروفیسر ڈاکٹر احمد الطیب، شیخ الازہر، چئیرمین مسلم کونسل اف ایلڈرز اور مرحوم پوپ فرانسس، کیتھولک چرچ کے سابق پوپ، کے درمیان دستخط شدہ انسانی بھائی چارہ کی دستاویز میں بیان کیا گیا ہے کہ مذاہب کبھی بھی جنگوں اور تنازعات کا ذریعہ یا نفرت، انتقام اور تعصب کے جذبات کا باعث نہیں رہے، اور اس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ نفرت، تشدد، شدت پسندی اور اندھے تعصب کو ہوا دینے کے لیے مذاہب کے استعمال کو روکنے کے لیے کوشیشیں کی جائیں اور رواداری، بقائے باہمی اور امن کی اقدار کو پھیلانے کے لیے یکجا ہو کر کام کیا جائے۔
