Muslim Elders

مسلم کونسل اف ایلڈرز شام کے دارالحکومت دمشق میں ایک چرچ پر دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتی ہے۔

مسلم کونسل اف ایلڈرزفضیلت مآب امام اکبر پروفیسر ڈاکٹراحمد الطیب، شیخ الازہر، کی سربراہی میں شام کے دارالحکومت دمشق میں ایک چرچ پر ہونے والے دہشت گردانہ بم دھماکے کی سخت مذمت کرتی ہے، جس کے نتیجے میں متعدد بے گناہ افراد ہلاک اور دیگر زخمی ہوئے۔

کونسل ایسی دہشت گردی کی کاروائیوں کی سختی سے مذمت کرتی ہے، جو اسلام کی صحیح تعلیمات، تمام الہامی مذاہب، بین الاقوامی قوانین اور اصولوں، اور مشترکہ اخلاقی اور انسانی اقدار کے مخالف ہیں۔ یہ اقدار واضح طور پر عبادت گاہوں کو نقصان پہنچانے کی ممانعت کرتی ہیں اور ان کی حفاظت اور احترام کا مطالبہ کرتی ہیں۔

کونسل اس بات پر زور دیتی ہے کہ عبادت گاہوں کو ہدف بنانا زندگی اور مقدس مقامات کی حرمت کی ایک واضح خلاف ورزی ہے، اور یہ ایک جرم ہے جسے کسی بھی بہانے کے تحت جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔ اور کونسل تشدد اور دہشت گردی کی تمام اشکال کی سختی سے مخالفت کرتی ہے اور ایسے انتہا پسند گروہوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا مطالبہ کرتی ہے جو تباہی، عدم استحکام، اور ایک ہی قوم کے افراد کے درمیان تقسیم پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں۔

اور مسلم کونسل اف ایلڈرز اس طرح کی وحشتناک کاروائیوں کی مذمت کرتی ہے، اور متاثرین کے اہل خانہ اور عزیز و اقارب کے ساتھ افسوس کا اظہار کرتی ہے، اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعاگو ہے، اور اللہ تعالیٰ سے دعاگو ہے کہ وہ شام اور اس کی عوام کو ہر قسم کے نقصان اور برائی سے محفوظ رکھے۔