ایک ٹیلیفونک رابطے میں، متحدہ عرب امارات کے صدر، عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان، اور فضيلت مآب امام أكبر پروفیسر ڈاکٹر احمد الطیب، شیخ الازہر، چئیرمین مسلم کونسل آف ایلڈرز، نے امارات کے متعلقہ اداروں اور الازہر شریف کے درمیان مشترکہ اقدامات پر گفتگو کی، – خصوصاً مختلف اقوام اور ثقافتوں کے درمیان بقائے باہمی اور مکالمے کی اقدار کے فروغ کے سلسلے میں- جو خطے اور دنیا میں امن اور استحکام کو مضبوط بنانے میں معاون ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے ماہِ رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر ایک دوسرے کو مبارکباد بھی پیش کی، اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ یہ مہینہ متحدہ عرب امارات، جمہوریہ مصر، اُن کی برادر اقوام، اور پوری دنیا کے لیے خیر و برکت، امن اور استحکام کا ذریعہ بنائے۔
فضيلت مآب امام أكبر نے متحدہ عرب امارات کی جانب سے الازہر اور اس کے پیغام کے لیے مسلسل تعاون پر عزت مآب شیخ محمد بن زاید کا شکریہ ادا کیا، اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ عزت مآب کو اپنی حفاظت میں رکھے اور امارات اور اس کی عوام پر ترقی اور خوشحالی برقرار رکھے۔
شیخ الازہر، چئیرمین مسلم کونسل آف ایلڈرز، نے اس رابطے کے دوران "زاید ایوارڈ برائے انسانی اخوت” کے پیغام کی اہمیت پر بھی زور دیا، اور اس کے اُس عالمی کردار کی تعریف کی جو بقائے باہمی، تعاون، رابطے اور انسانی بھائی چارے کو فروغ دینے والی کوششوں کے اعتراف میں ادا کیا جاتا ہے۔
اپنی جانب سے، عزت مآب شیخ محمد بن زاید نے بھی فضيلت مآب امام أكبر پروفیسر ڈاکٹر احمد الطیب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے الازہر کے اُس کردار کی قدر دانی کی جو وہ صحیح اسلامی تعلیمات کے فروغ، اخوت اور امن کی ثقافت کو مضبوط کرنے، اور اُن غلط تصورات کی تردید کے لیے ادا کرتا ہے جو بعض لوگ اسلام سے منسوب کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے اماراتی عوام اور الازہر و اس کے معزز علماء کے درمیان دیرینہ علمی اور دعوتی تعلقات کا بھی ذکر کیا۔
