مسلم کونسل آف ایلڈرز، قاہرہ بین الاقوامی کتاب میلہ 2026 کے 57ویں ایڈیشن میں ایک خصوصی پویلین کے ساتھ شرکت کر رہی ہے۔ یہ میلہ 21 جنوری سے 3 فروری تک منعقد ہو رہا ہے۔ کونسل کی یہ شمولیت اُس کے بنیادی مشن کی عکاس ہے، جو امن کے فروغ، مکالمے اور رواداری کی اقدار کو مضبوط بنانے اور مختلف قومیتوں اور مذاہب کے لوگوں کے درمیان تعاون کے پل تعمیر کرنے پر مبنی ہے۔
کونسل کا پویلین اس سال 275 سے زائد علمی و فکری کتابیں اور اشاعتیں پیش کر رہا ہے، جن میں 25 نئی مطبوعات بھی شامل ہیں جو اہم فکری و علمی موضوعات کا احاطہ کرتی ہیں۔ ان نئی شائع ہونے والی مطبوعات میں شامل ہیں: قول طیب، حصہ چہارم، از قلم فضیلتِ مآب امامِ اکبر پروفیسر ڈاکٹر احمد الطیب، اسلامی فلسفے میں علت )سببیت( اور اس کے مسائل، از قلم علامہ ڈاکٹر محمد عبد الفضیل القوصی، عبدالکریم جیلی اور اسلامی صوفی فکر میں اُن کا مقام، از قلم نجاح محمود الغنیمی، علامہ محمد عبداللہ دراز کے مذہبی خطاب کا نحوی ڈھانچہ اور معنوی و بیانی پہلو، از قلم ڈاکٹر احمد مصطفی اس کے علاوہ اسلامی فکر، فلسفہ اور تصوف پر متعدد تخصصی کتابیں بھی شامل ہیں۔
اسٹال میں فضیلتِ مآب امامِ اکبر احمد الطیب کی متعدد نمایاں کتابیں بھی پیش کی جارہی ہیں، جو اسلام کی وسعت، اس کے فکری و فلسفی ورثے اور اعتدال کی تعلیمات کو اجاگر کرتی ہیں، جن میں شامل ہیں: اسلام کے بنیادی اصول، اَزہَری منہجِ کے اصول، علمِ کلام اور تصوف کی اصطلاحات، امام اشعری کے فکر پر نظریاتی مطالعہ، وراثت اور تجدید، اہلِ سنت و الجماعت، علل اور مقاصد پر ایک علمی گفتگو، قولِ طیب، بیشک دین آسانی ہے، آداب و اقدار، اور میری پرانی ڈائری سے شامل ہیں۔
اس کے ساتھ ہی مسلم کونسل آف ایلڈرز کے اراکین اور ممتاز محققین و مفکرین کی اہم کتابیں بھی پیش کی جا رہی ہیں، جن میں نمایاں ہیں: قرآنِ کریم میں محبت مصنف: امیر غازی الہاشمی، امام اور پوپ اور مشکل راستہ… دستاویزِ اخوتِ انسانی کی پیدائش کی گواہی مصنف: مشیر محمد عبدالسلام، عقیدہ کے فکری مناہج مصنف عماد خفاجی، اسلام میں فکر کی آزادی مصنف محمد الصادق عرجون، فہم اور تفاہم کے اصول: فکر اور زبان کے تناظر میں مصنف ڈاکٹر مصطفی بن حمزہ۔
ترجمے کی اہمیت کے پیشِ نظرکیونکہ یہ تہذیبوں کے درمیان رابطے اور مکالمے کا پل ہے کونسل نے کئی کتابوں کے تراجم بھی شائع کیے ہیں، جن میں شامل ہیں: دنیا کے مذاہب میں مذہبی رواداری، یورپ میں اسلاموفوبیا کا مقابلہ۔
قاہرہ کتاب میلے میں کونسل کا اسٹال 13 سے زیادہ فکری و ثقافتی نشستوں کی میزبانی بھی کرے گا، جن میں ماہرین، مفکرین اور مذہبی شخصیات مختلف اہم موضوعات پر گفتگو کریں گے۔ ان میں شامل ہیں: حکمت کے عہد کے لیے نئی فلسفیانہ بنیادیں، ڈیجیٹل دور اور ادبی ذوق کی تشکیل، الازہر شریف اور اسلامی مکالمے کے مسائل اسی ضمن میں، کونسل مستقبل کے قائدین کی تیاری کے لیے "امن ساز نوجوان فورم” کے نوجوانوں کی جانب سے بھی خصوصی نشستیں منعقد ہوگی، جن کا مقصد نوجوانوں کو مکالمے، امن سازی، بین المذاہب ہم آہنگی اور انسانی اخوت کے فروغ کی مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ مسلم کونسل آف ایلڈرز کا پویلین ہیریٹیج ہال نمبر 4 میں، مصر بین الاقوامی نمائش و کانفرنس سینٹر، التجمع الخامس میں واقع ہے۔
