قاہرہ بین الاقوامی کتاب میلے کے 57ویں ایڈیشن میں مسلم کونسل آف ایلڈرز کے پویلین پر پہلی ثقافتی نشست کا افتتاح کیا گیا، جس کا عنوان «میرا امام آمدی کے ساتھ تجربہ» تھا۔ اس نشست میں نامور عالمِ دین پروفیسر ڈاکٹر حسن الشافعی، الازہر کے سینئر علما کی کونسل کے رکن اور مسلم کونسل آف ایلڈرز کے رکن نے شرکت کی جبکہ نشست کی نظامت جامعہ الازہر کے فیکلٹی ممبر ڈاکٹر محمد مشعل نے کی۔ یہ نشست مسلم کونسل آف ایلڈرز کی جانب سے علمی و فکری تراث کے احیا اور اس کے عصری تناظر میں مباحثے کے اهتمام کا حصہ تھی۔
اس نشست میں امام آمدی کے اس فکری اثر پر گفتگو کی گئی جس کے ذریعے انہوں نے اسلامی تراث میں عقلی منہج کی بنیادوں کو مضبوط کیا اور علمی مکالمے اور فکری انفتاح کو فروغ دیا۔ اس موقع پر علّامہ شیخ حسن الشافعی نے امام آمدی کے علمی ورثے کے ساتھ اپنے ذاتی تحقیقی و فکری تجربات بیان کیے اور علمِ کلام اور اسلامی فلسفے کے میدان میں اُن کی مستحکم علمی قدر و قیمت کو واضح کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امام آمدی، امام غزالی کے بعد عظیم ترین مفکر اور اصولی ہیں، اور عرب و اسلامی ثقافت کی تاریخ میں ایک نمایاں علمی علامت کی حیثیت رکھتے ہیں۔
شیخ حسن الشافعی نے امام آمدی کی گہری فکری خدمات کا بھی تفصیلی ذکر کیا اور اُن مؤلفات کی اہمیت بیان کی جنہوں نے محققین کی سوچ اور علمی شعور تشکیل دیا۔ ان میں خاص طور پر: «ابکار الأفکار» جو علمِ کلام کی ایک عظیم انسائیکلوپیڈیا شمار ہوتی ہے، «غایۃ المرام» جو امام آمدی کے کلامی افکار کا جامع خلاصہ ہے، الإحکام فی اصول الأحکام» جو علمِ اصولِ فقہ میں امام غزالی کی «المستصفی» کے بعد سب سے اہم کتاب سمجھی جاتی ہے۔
نشست کے اختتام پر ڈاکٹر حسن الشافعی نے نئی نسل کے محققین کے لیے رہنما پیغامات پیش کیے اور عربی زبان میں مہارت کی ناگزیر اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا: «زبان پر عبور میرا ہتھیار ہے اور ہر محقق کا ہتھیار ہے» اسی کے ساتھ انہوں نے طلبا علم کو اخلاص اور جدوجہد کے ساتھ علم حاصل کرنے کی تلقین کی۔
واضح رہے کہ مسلم کونسل آف ایلڈرز قاہرہ بین الاقوامی کتاب میلے کے 57ویں ایڈیشن میں 21 جنوری سے 3 فروری 2026 تک ایک خصوصی پویلین کے ساتھ شریک ہے۔ اس پویلین میں کونسل کی متعدد معیاری و ممتاز اشاعتیں پیش کی جا رہی ہیں، نیز خیر، محبت، امن اور باہمی انسانی ہم آہنگی کی اقدار کے فروغ کے لیے مختلف ندوات، سرگرمیاں اور تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔
مسلم کونسل آف ایلڈرز کا پویلین، قاہرہ بین الاقوامی کتاب میلے میں الازہر الشریف کے جناح کے بالمقابل، ہال نمبر 4 (ہال التراث) میں، مصر بین الاقوامی نمائش و کانفرنس سینٹر، التجمع الخامس میں واقع ہے۔
