Muslim Elders

مسلم کونسل آف ایلڈرز کی فکری نشست میں علمِ عللِ حدیث اور سنتِ نبوی ﷺ کے تحفظ میں اس کے کردار پر روشنی

قاہرہ بین الاقوامی کتاب میلے کے 57ویں ایڈیشن میں مسلم کونسل آف ایلڈرز کے پویلین پر دوسری ثقافتی نشست منعقد کی گئی، جس کا عنوان تھا:
«علمِ عللِ حدیث… سنت کی حفاظت کا ذریعہ یا تشکیک کا دروازہ؟» اس نشست میں پروفیسر ڈاکٹر احمد معبد عبد الکریم، الازہر کے سینئر علما کی کونسل کے رکن نے شرکت کی۔ جس کی نظامت ڈاکٹر محمد معبد (محقق، جامعہ الازہر الشریف) نے کی، اسلامی تراث کے تحفظ اور منہجیت و شعور پر مبنی علمی مکالمے کے فروغ کے لیے مسلم کونسل آف ایلڈرز کی کوششوں کا حصہ تھی۔
نشست میں علمِ عللِ حدیث پر گفتگو کی گئی، جو سنتِ نبویہ ﷺ کے نہایت دقیق علوم میں شمار ہوتا ہے۔ اس علم کے ذریعے حدیثِ نبوی کے تحفظ، اس کے علمی منہج کی صیانت، اور اس پر اٹھائے گئے شبہات کے مدلل اور سنجیدہ علمی رد پر روشنی ڈالی گئی- ایسے فریم ورک میں جو تراثِ حدیثی پر اعتماد کو مضبوط کرتا اور سنتِ نبویِ مطہرہ کی خدمت میں منہجِ نقد کی مرکزی حیثیت کو اُجاگر کرتا ہے۔

نشست کے آغاز میں ڈاکٹر محمد معبد نے اس امر کی نشاندہی کی کہ فضیلت مآب امامِ اکبر پروفیسر ڈاکٹر احمد الطیب، شیخ الازہر الشریف، چئیرمین مسلم کونسل آف ایلڈرزکو اس بات کا علمی فضل اور امتیاز حاصل ہے کہ انہوں نے جامعہ الازہر میں علمِ عللِ حدیث کی تدریس متعارف کرائی۔ اس اقدام کے پیچھے حدیثِ نبوی ﷺ کی خدمت میں اس علم کی غیر معمولی اہمیت کا شعوری ادراک تھا، کیونکہ امام الطیب کے منصبِ شیخ الازہر سنبھالنے سے قبل یہ مضمون جامعہ کے نصاب میں شامل نہیں تھا۔
فضیلت مآب ڈاکٹر احمد معبد نے زور دے کر کہا کہ علمِ عللِ حدیث جلیل ترین، دقیق ترین اور اشرف ترین علوم میں سے ہے، اور اس میدان میں مہارت کثرتِ مطالعہ اور ائمۂ کرام کے کلام پر گہری نظر کے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ علل زیادہ تر اسانید میں نمایاں ہوتی ہیں جبکہ متون میں نسبتاً کم پائی جاتی ہیں، تاہم اسانید میں علل کی موجودگی متن سے غفلت کا سبب نہیں بنتی، کیونکہ بعض اوقات متن دیگر وجوہ یا طرق سے صحیح ثابت ہو جاتا ہے۔
واضح رہے کہ مسلم کونسل آف ایلڈرز قاہرہ بین الاقوامی کتاب میلے کے 57ویں ایڈیشن میں 21 جنوری سے 3 فروری 2026 تک ایک خصوصی پویلین کے ساتھ شریک ہے۔ اس پویلین میں کونسل کی متعدد ممتاز اشاعتوں کے ساتھ ساتھ مختلف علمی نشستیں، سرگرمیاں اور تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں، جن کا مقصد خیر، محبت، امن اور باہمی انسانی بقائے باہمی کی اقدار کو فروغ دینا ہے۔

مسلم کونسل آف ایلڈرز کا پویلین، قاہرہ بین الاقوامی کتاب میلے میں الازہر الشریف کے جناح کے بالمقابل، ہال نمبر 4 (ہال التراث) میں، مصر بین الاقوامی نمائش و کانفرنس سینٹر، التجمع الخامس میں واقع ہے۔