مسلم کونسل آف ایلڈرز، فضیلت مآب امامِ اکبر پروفیسر ڈاکٹر احمد الطیب، شیخ الازہر الشریف کی سربراہی میں، اس بات پر زور دیتی ہے کہ عالمی یومِ زمین، جو ہر سال 22 اپریل کو منایا جاتا ہے، اجتماعی شعور کی تجدید کا ایک اہم موقع ہے۔ اس دن کا مقصد کرۂ ارض کے تحفظ، اس کے وسائل کی حفاظت، اور ماحول کو بگاڑ اور استحصال سے بچانے کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے، تاکہ موجودہ اور آنے والی نسلوں کے لیے زندگی کی پائیداری کو یقینی بنایا جا سکے۔
کونسل نے اس موقع پر جاری کردہ اپنے بیان میں کہا کہ ماحول کا تحفظ ایک مشترکہ اخلاقی اور انسانی فریضہ ہے، جو سنجیدہ عزم اور اجتماعی ارادے کا تقاضا کرتا ہے، تاکہ اس کرۂ ارض پر زندگی کو محفوظ رکھا جا سکے۔ کونسل نے بڑھتے ہوئے ماحولیاتی چیلنجز- خصوصاً ماحولیاتی تبدیلی، آلودگی اور حیاتیاتی تنوع کے زوال—کا مقابلہ کرنے کے لیے مشترکہ کوششوں کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
بیان میں اس بات کی نشاندہی کی گئی کہ تمام آسمانی ادیان نے زمین کو آباد کرنے اور اس میں فساد سے بچنے کی اہمیت پر زور دیا ہے، کیونکہ انسان کو زمین پر اللہ کا نائب مقرر کیا گیا ہے اور وہ اس کی حفاظت اور دیکھ بھال کا ذمہ دار ہے۔ اس ضمن میں اللہ تعالیٰ کے فرمان کا حوالہ دیا گیا: ﴿اور اصلاح کے بعد زمین میں فساد نہ پھیلاؤ﴾
یہ تعلیمات ماحول کے تحفظ کے اخلاقی اور دینی پہلو کو واضح کرتی ہیں اور ایسے پائیدار طرزِ زندگی اپنانے کی دعوت دیتی ہیں جو ترقی اور قدرتی وسائل کے تحفظ کے درمیان توازن قائم رکھیں۔
مسلم کونسل آف ایلڈرز نے مؤثر پالیسیوں اور جدید و تخلیقی اقدامات کو اپنانے کی بھی اپیل کی، جو ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے، سبز معیشت کی طرف منتقلی کو فروغ دینے، اور معاشروں میں ماحولیاتی ذمہ داری کی ثقافت کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوں۔ مجلس نے خاص طور پر نوجوانوں میں ماحولیاتی تعلیم اور آگاہی پر سرمایہ کاری کی اہمیت کو اجاگر کیا، کیونکہ وہ ایک زیادہ پائیدار مستقبل کی تعمیر میں بنیادی شراکت دار ہیں۔
مسلم کونسل آف ایلڈرز عالمی چیلنجز، بالخصوص ماحولیاتی مسائل، سے نمٹنے میں مذہبی قائدین اور دینی شخصیات کے کردار کو مضبوط بنانے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے، تاکہ ماحولیاتی انصاف کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس ضمن میں متعدد اقدامات کیے گئے ہیں، جن میں "بین المذاہب پویلین ” شامل ہے، جو COP28 دبئی اور COP29 آذربائیجان میں منعقد ہوا۔
اسی طرح، کونسل نے سال 2023 میں ابوظبی میں موسمیاتی تبدیلی سے متعلق مذہبی قائدین کی عالمی کانفرنس کا انعقاد کیا، جس کے نتیجے میں دستاویز "ندائے ضمیر: آب و ہوا کے لیے مشترکہ اعلامیہ – ابوظبی” جاری کی گئی۔ اس اعلامیے پر دنیا بھر کے 30 سے زائد مذہبی قائدین اور شخصیات نے دستخط کیے، جن میں فضیلت امامِ اکبر پروفیسر ڈاکٹر احمد الطیب، شیخ الازہر الشریف ، چئیرمین مسلم کونسل آف ایلڈرز، اور پوپ فرانسس، سابق سربراہ کیتھولک چرچ، بھی شامل تھے۔ یہ تمام اقدامات کرۂ ارض کے تحفظ کے لیے مجلس کی مسلسل اور مؤثر کوششوں کا حصہ ہیں۔
