Muslim Elders

قاہرہ بین الاقوامی کتاب میلے میں مسلم کونسل آف ایلڈرز کے پویلین میں "ادبی ذوق کو ڈیجیٹل تبدیلیوں سے درپیش چیلنجز” پر ایک سیمینار

قاہرہ بین الاقوامی کتاب میلے میں مسلم کونسل آف ایلڈرز کے پویلین نے اپنی چھٹی ثقافتی نشست کا انعقاد کیا، جس کا عنوان تھا: «ڈیجیٹل دور اور ادبی ذوق کی نئی تشکیل»۔ اس نشست میں پروفیسر ڈاکٹر سلامہ داؤد، صدرِ جامعہ الأزہر، نے شرکت کی، جبکہ اہلِ علم، محققین اور طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔
نشست میں ڈیجیٹل تبدیلیوں سے ادبی ذوق کو درپیش چیلنجز اور جدید ٹیکنالوجی کے باوجود ادبی تخلیق کے استحکام پر گفتگو کی گئی۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ معرفت کے حصول میں اصالت اور معاصرت کے درمیان توازن برقرار رکھنا ضروری ہے، تاکہ نئی نسلوں میں لسانی اور ثقافتی ذوق کی نشوونما ممکن ہو سکے۔

اپنی گفتگو میں پروفیسر سلامہ داؤد نے کہا کہ صلاحیت کی تشکیل اور ادبی ذوق کی آبیاری ایک تدریجی سفر ہے، جو وسیع مطالعے، منظم حفظ اور اعلیٰ درجے کے ادبی متون اور عمدہ شاعری کے مسلسل مشاہدے سے پروان چڑھتا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ مختلف اسالیب اور نصوص کا باہمی تقابل انسان کے ذہن کو توازن اور تجزیے کی عادت بخشتا ہے، جو بالآخر قارئین میں "ملکۂ بیانی” پیدا کرتا ہے یہ وہ صلاحیت ہے جو حسن و قبح میں تمیز کو ممکن بناتی ہے۔

صدرِ جامعہ الأزہر نے سوشل میڈیا پر رائج کمزور اور غیر معیاری زبان سے متاثر ہونے کے خطرات پر بھی خبردار کیا۔ انہوں نے کہا کہ "انسان وہی بنتا ہے جو وہ پڑھتا اور سنتا ہے”؛ اگر انسان بلند اور بلیغ کلام سنے گا تو اس کا ذوق بلند ہوگا، اور اگر وہ سطحی اور مبتذل زبان کا عادی بن جائے تو اس کی لسانی اور ادبی صلاحیت متاثر ہو جائے گی۔
انہوں نے ایک نہایت اہم نکتہ پیش کیا کہ ادبی ذوق کی تربیت کوئی اضافی یا غیر ضروری عمل نہیں، بلکہ ایک حقیقی ضرورت ہے۔
ان کے مطابق، جو شخص حسن اور قبح میں فرق کرنے کی ادبی صلاحیت نہ رکھتا ہو، وہ بالآخر قرآنِ کریم کے اعجازِ بیانی کو سمجھنے میں بھی قاصر رہ جائے گا، اور یوں کلامِ الٰہی اور کلامِ بشری کے فرق کو درک نہیں کر پائے گا۔
اپنی گفتگو کے اختتام پر، پروفیسر سلامہ داؤد نے کہا کہ تعلیمی اداروں- چاہے وہ اسکول ہوں، انسٹیٹیوٹ ہوں یا جامعات- کی کامیابی اسی وقت ممکن ہے جب وہ طلبہ میں ملکۂ بیانی کو پروان چڑھانے میں کامیاب ہوں۔ انہوں نے زور دیا کہ جو کچھ پڑھا اور سنا جاتا ہے، اس کا ذوق کے ساتھ ادراک کرنا ہی حقیقی کامیابی کا معیار ہے۔

مسلم کونسل آف ایلڈرز 21 جنوری تا 3 فروری 2026 تک جاری رہنے والے اس میلے میں ایک خصوصی پویلین کے ساتھ شریک ہے، جس میں کونسل کی معیاری اور نادر مطبوعات پیش کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف سیمینارز، علمی نشستیں اور ثقافتی سرگرمیاں بھی ترتیب دی گئی ہیں، جن کا مقصد خیر، محبت، امن اور بقائے باہمی کی اقدار کو فروغ دینا ہے۔

مسلم کونسل آف ایلڈرز کا پویلین، قاہرہ بین الاقوامی کتاب میلے میں الازہر الشریف کے پویلین کے بالمقابل، ہال نمبر 4 (ہال التراث) میں، مصر بین الاقوامی نمائش و کانفرنس سینٹر، التجمع الخامس میں واقع ہے۔