Muslim Elders

جمہوریہ ماریشس کے صدر نے عالمی سطح پر مکالمے، رواداری اور انسانی اخوت کے فروغ میں متحدہ عرب امارات کی کوششوں کو سراہا۔

mauritius-muslim-elders-peace-01

جمہوریہ ماریشس کے صدر، جناب دارامبیر جوگنااتھ نے مسلم کونسل آف ایلڈرز کے سیکرٹری جنرل جناب محمد عبدالسلام اور تنظیم “ادیان برائے امن” کے شریک صدر، کا استقبال کیا۔ یہ ملاقات ماریشس میں منعقد ہونے والے تنظیم “ادیان برائے امن” کے عالمی اجلاس کے موقع پر ہوئی، جس میں دنیا بھر سے مذہبی اور فکری قیادت کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
ملاقات کے آغاز میں، جناب محمد عبدالسلام نے، فضیلت مآب امامِ اکبر پروفیسر ڈاکٹر احمد الطیب، شیخ الازہر الشریف ، چئیرمین مسلم کونسل آف ایلڈرز کی جانب سے صدرِ جمہوریہ کو نیک تمنائیں پہنچائیں، اور ماریشس کو مختلف مذاہب اور ثقافتوں کے درمیان پرامن بقائے باہمی کے ایک عالمی نمونے کے طور پر سراہا۔

اس ملاقات میں مسلم کونسل آف ایلڈرز کی جانب سے مکالمے، رواداری، بقائے باہمی اور انسانی اخوت کے فروغ کی کوششوں، اقوام کے درمیان اعتماد کے پل تعمیر کرنے، اور نوجوانوں کو نفرت انگیز بیانیوں، انتہا پسندی اور ڈیجیٹل گمراہی سے محفوظ رکھنے کے اقدامات پر گفتگو کی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ “انسانی اخوت کی دستاویز” کو ایک عالمی اخلاقی حوالہ کے طور پر سراہا گیا۔ دونوں فریقین نے مصنوعی ذہانت سے وابستہ مختلف اخلاقی چیلنجز پر بھی تبادلۂ خیال کیا اور اس بات پر زور دیا کہ اس کے استعمال کے لیے ایسے اخلاقی فریم ورک تیار کیے جائیں جو انسانیت کی خدمت اور اس کی عزت و وقار کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔

اپنی جانب سے، صدرِ ماریشس نے عالمی سطح پر رواداری اور انسانی اخوت کے فروغ میں متحدہ عرب امارات کی کوششوں کو سراہا، اور فضیلت مآب امامِ اکبر پروفیسر ڈاکٹر احمد الطیب، شیخ الازہر الشریف، چئیرمین مسلم کونسل آف ایلڈرز کے امن، مکالمے اور بقائے باہمی کے فروغ میں کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے امن کے قیام اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے باہمی تعاون کے تسلسل کی اہمیت پر زور دیا۔
اسی طرح صدرِ ماریشس نے مسلم کونسل آف ایلڈرز کے رکن، قفقاز کے مسلمانوں کے سربراہ اور تنظیم “ادیان برائے امن” کے شریک صدر، شیخ الاسلام اللہ شکر پاشا زادہ سے بھی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں بین المذاہب مکالمے کو فروغ دینے، امن اور بقائے باہمی کی ثقافت کے پھیلاؤ کے لیے تعاون بڑھانے، اور مذہبی قیادت کے کردار کو مضبوط بنانے پر گفتگو ہوئی۔
شیخ الاسلام اللہ شکر پاشا زادہ نے اس موقع پر مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مذہبی قیادت کی متحدہ کوششوں، باہمی احترام اور انسانی یکجہتی کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا، تاکہ مختلف مذاہب اور ثقافتوں کے ماننے والوں کے درمیان امن اور بقائے باہمی کو فروغ دیا جا سکے۔
مسلم کونسل آف ایلڈرز کی اس عالمی اجلاس میں شرکت اس کے ان عالمی اقدامات کا حصہ ہے، جن کا مقصد بین الاقوامی سطح پر مذہبی قیادت کے کردار کو مضبوط بنانا، انسانی وقار کا تحفظ، شناخت کا احترام، اور امن، انصاف اور انسانی اخوت کی اقدار کو فروغ دینا ہے۔