مسلم کونسل آف ایلڈرز، فضیلت مآب امامِ اکبر پروفیسر ڈاکٹر احمد الطیب، شیخ الازہر الشریف کی سربراہی میں، اس بات پر زور دیتی کہ امن کے ساتھ مل کر زندگی گزارنے کی ثقافت کو فروغ دینا مستحکم، متحد اور مضبوط معاشروں کی تعمیر کے لیے نہایت اہم ہے۔ ایسے معاشرے ہی نفرت انگیز تقاریر، تعصب اور تشدد کا مؤثر مقابلہ کر سکتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ امن صرف تنازعات کی عدم موجودگی کا نام نہیں بلکہ یہ ایک جامع نظام ہے، جو باہمی احترام، انسانی وقار کے تحفظ اور مکالمے، برداشت اور بقائے باہمی کی اقدار کے فروغ پر مبنی ہوتا ہے۔
کونسل نے مزید کہا کہ ہر سال 16 مئی کو منائے جانے والے اس عالمی دن کے موقع پر دنیا کو آج پہلے سے زیادہ ضرورت ہے کہ قوموں، مذاہب اور ثقافتوں کے درمیان ہم آہنگی اور قربت کو فروغ دینے کے لیے ایک جامع حکمتِ عملی اختیار کی جائے۔ اس کے ساتھ انسانی اخوت، یکجہتی اور تعاون کی اقدار کو عام کیا جائے، خصوصاً ایسے وقت میں جب دنیا مختلف بحرانوں، جنگوں، تنازعات اور بڑھتی ہوئی نفرت، نسل پرستی اور انتہاپسندی کا سامنا کر رہی ہے، جو معاشروں کے امن اور استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔
کونسل نے واضح کیا کہ اسلام اور تمام آسمانی مذاہب انسانوں کے درمیان رحمت، امن اور باہمی تعارف کو فروغ دینے کے لیے آئے ہیں۔ اس سلسلے میں مذہبی، تعلیمی، میڈیا اور ثقافتی اداروں سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں اور ایسا انسانی شعور پیدا کریں جو دوسروں کو قبول کرنے اور تنوع کے احترام کو فروغ دے، نیز تفرقہ اور تقسیم پھیلانے کی کوششوں کا مقابلہ کرے۔ بیان میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ انسانیت کے مستقبل میں حقیقی سرمایہ کاری ایسے افراد کی تربیت سے ہوتی ہے جو مثبت بقائے باہمی کو اپنائیں اور دنیا میں امن کے فروغ میں کردار ادا کریں۔
2014 میں ابوظہبی میں قیام کے بعد سے مسلم کونسل آف ایلڈرز عالمی امن، مکالمے، برداشت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ اس کی نمایاں کوششوں میں: مشرق و مغرب کے درمیان مکالمہ
بین الاقوامی امن قوافل 2019 میں ابوظہبی میں انسانی اخوت کی تاریخی دستاویز پر دستخط شامل ہیں۔
اسی طرح کونسل نے کئی اہم پروگرام شروع کیے، جن میں: امن ساز نوجوان فورم، فیلوشپ برائے انسانی اخوت
علمی و فکری اشاعتیں اور عالمی کانفرنسیں شامل ہیں، جن کا مقصد مکالمے، بقائے باہمی اور شہریت کی ثقافت کو فروغ دینا اور انتہاپسندانہ نظریات اور نفرت انگیز بیانیوں کا مقابلہ کرنا ہے۔
