قاہرہ بین الاقوامی کتاب میلے کے 57ویں ایڈیشن میں مسلم کونسل آف ایلڈرز کے پویلین میں دسویں علمی نشست منعقد ہوئی۔ جس کا کا عنوان تھا: "سیبَوَیہ کی معاصریت اور آج کی عربی زبان”، جس میں پروفیسر ڈاکٹر عبد الفتاح حبیب (استادِ لسانیات، جامعہ الأزہر) نے گفتگو کی، جبکہ نشست کی نظامت ڈاکٹر ربیع الغفیر نے کی۔
اس نشست میں عربی زبان کے علمی تراث میں سیبَوَیہ کی اہمیت، ان کی تحقیق کا آج کی عربی زبان کو سمجھنے میں کردار، اور زبان کے تحفظ و جدید تقاضوں سے ہم آہنگی میں لسانی مطالعات کے اثرات پر گفتگو کی گئی۔
پروفیسر عبد الفتاح حبیب نے کہا کہ سیبَوَیہ ایک غیر معمولی ذہانت رکھنے والے عالم تھے۔ اللہ تعالیٰ نے ان کی کتاب کو ایسی قبولیت بخشی کہ وہ قدیم و جدید تمام دوروں میں اہلِ علم کا بنیادی حوالہ بن گئی۔ انہوں نے کہا کہ عربی زبان یا اسلامی علوم میں سے کسی بھی علم کی گہرائی میں جانے کے لیے ضروری ہے کہ طالبِ علم پہلے کتاب سیبَوَیہ کی طرف رجوع کرے اور اسے اچھی طرح سمجھے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سیبَوَیہ کی کتابِ کی ہر مثال ایک مضبوط علمی اصول کے تحت رکھی گئی ہے، اور اس کتاب میں ترتیب اور انداز کسی بھی طرح اتفاقی نہیں۔ اس انداز سے سیبَوَیہ کا مضبوط لسانی منہج ظاہر ہوتا ہے، جس کے ذریعے ذہن کی تربیت اور لسانی اصولوں کی گہری سمجھ پیدا ہوتی ہے۔ سیبَوَیہ نے قیاس کے اصول کو بڑی مضبوطی اور دقت کے ساتھ قائم کیا، اور اسی وجہ سے وہ اس علم میں بلند مقام رکھتے ہیں۔
ڈاکٹر عبد الفتاح حبیب نے کہا کہ سیبَوَیہ کی کتاب کو سمجھنے کے لیے اسے ٹھہر کر اور توجہ کے ساتھ پڑھنا ضروری ہے، کیونکہ اس کا علمی مواد بہت گہرا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کتاب کی اہمیت کبھی کم نہیں ہوئی اور قدیم و جدید دور کے علما مسلسل اس کی طرف رجوع کرتے رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں کتاب کے دو اہم تحقیقی ایڈیشن بھی موجود ہیں، ایک شیخ عبد السلام ہارون (مصر) کا، اور دوسرا استاد محمد البکاّء (عراق) کا۔
مسلم کونسل آف ایلڈرز 21 جنوری تا 3 فروری 2026 تک جاری رہنے والے اس میلے میں ایک خصوصی پویلین کے ساتھ شریک ہے، جس میں کونسل کی معیاری اور نادر مطبوعات پیش کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف سیمینارز، علمی نشستیں اور ثقافتی سرگرمیاں بھی ترتیب دی گئی ہیں، جن کا مقصد خیر، محبت، امن اور بقائے باہمی کی اقدار کو فروغ دینا ہے۔
مسلم کونسل آف ایلڈرز کا پویلین، قاہرہ بین الاقوامی کتاب میلے میں الازہر الشریف کے پویلین کے بالمقابل، ہال نمبر 4 (ہال التراث) میں، مصر بین الاقوامی نمائش و کانفرنس سینٹر، التجمع الخامس میں واقع ہے۔
