فضیلت مآب امام اکبر پروفیسر ڈاکٹر احمد الطیب، شیخ الازہر الشریف، چئیرمین مسلم کونسل آف ایلڈرز نے محترمہ کاسیا اولونگرین، یورپی یونین کی انسانی حقوق کے لیے خصوصی ایلچی کا استقبال کیا؛ تاکہ مشترکہ تعاون کو بڑھانے کے طریقوں پر غور کیا جا سکے۔
فضیلت مآب امام اکبر نے کہا: "میں ان لوگوں میں سے ہوں جو اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ انسانی حقوق کے حوالے سے مشرق اور مغرب کے درمیان کافی حد تک اتفاق موجود ہے، اور سب کو چاہیے کہ ان بنیادی اصولوں کو انسانی حقوق کی بنیاد کے طور پر استعمال کریں۔ لیکن کچھ امور ایسے ہیں جنہیں مغرب حقوق سمجھتا ہے، مگر ہمارے لیے مشرق میں یہ حقوق نہیں ہیں کیونکہ یہ فطرتِ سلیمہ کے خلاف ہیں اور مذہبی و اخلاقی اقدار سے متصادم ہیں، جو مشرقی اقوام کے بنیادی اجزاء اور ان کی معتبر حوالہ جاتی بنیاد ہیں۔”
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ انسانی وقار کوئی عطیہ نہیں بلکہ ایک بنیادی حق ہے جسے کسی صورت میں مجروح نہیں کیا جا سکتا۔ ساتھ ہی انہوں نے اس امر کو واضح کیا کہ مشرقی اقوام مغربی انسانی حقوق کے نظام کو آزادی کے نام پر مسلط کرنے کی کوششوں کو مسترد کرتی ہیں، اور مغرب کو یہ سمجھنا چاہیے کہ یہ امور انسانِ مشرق کی شخصیت، شناخت، تاریخ اور تہذیب سے گہرا تعلق رکھتے ہیں، اور سب سے بڑھ کر یہ مذہبی تعلیمات اور اقدار سے وابستہ ہیں۔
اپنی جانب سے، محترمہ کاسیا اولونگرین نے فضیلت مآب امام اکبر سے ملاقات پر خوشی کا اظہار کیا اور امن، اخوت، دوسروں کو قبول کرنے اور سب کے درمیان مساوات کے فروغ میں ان کی نمایاں کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اچھی طرح جانتے ہیں کہ ادارۂ الازہر کی کیا حیثیت ہے اور یہ عالمی سطح پر انسانی حقوق اور انسانی وقار کے تحفظ میں کتنا اہم اور فعال کردار ادا کرتا ہے۔
یورپی یونین کی خصوصی ایلچی نے مزید وضاحت کی کہ ہم آپ کے ساتھ تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں کیونکہ ہم مذہبی اداروں کے کردار پر یقین رکھتے ہیں، اور ہم اس بات پر متفق ہیں کہ انسانی حقوق کے نظام میں ہمارے درمیان اتفاق زیادہ ہے بہ نسبت اختلاف کے۔ ہم اس حقیقت کو بھی بخوبی سمجھتے ہیں کہ انسانی حقوق کو مذہبی، اخلاقی اور سماجی اقدار کا لحاظ رکھنا چاہیے۔
شیخ الازہر، چئیرمین مسلم کونسل آف ایلڈرز نے یورپی یونین کی انسانی حقوق کے لیے خصوصی ایلچی سے ملاقات کی اور مشترکہ تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
