پاکستان میں مسلم کونسل آف ایلڈرز کی برانچ کے ایک وفد نے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین محترم ڈاکٹر قبلہ ایاز سے ملاقات کی، تا کہ بات چیت، رواداری اور انسانی بقائے باہمی کی اقدار کو پھیلانے اور فروغ دینے کے شعبوں میں مشترکہ تعاون کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا جاسکے۔
ملاقات کے دوران، فریقین نے تشدد، مذہبی منافرت، اور مذہبی انتہا پسندی کی تمام اقسام کا مقابلہ کرنے، نوجوانوں میں غلط فہمیوں کو دور کرنے، اور دین اسلام کی اعتدال پسند اور روادارانہ سوچ کو فروغ دینے کی فوری ضرورت پر زور دیا. پاکستان میں مسلم کونسل آف ایلڈرز کی برانچ کے کوآپریٹنگ ڈائریکٹر جناب محمد ارشد نے برانچ کے میڈیا آفیسرجناب اعزاز علی شاہ کے ہمراہ مسلم کونسل آف ایلڈرز اور اس کی مسلم اور غیر مسلم کمیونٹیز کے درمیان رواداری، پرامن بقائے باہمی اور امن کی اقدار کو پھیلانے اور اسے فروغ دینے کے لیے کی جانے والی کوششوں کے بارے میں ایک تعارفی جائزہ پیش کیا. اور انسانی برادری سے متعلق دستاویز کے اصولوں سے متعلق بریفنگ بھی دی ، جس پر امام اکبر پروفیسر ڈاکٹر احمد الطیب، شیخ الازہرالشریف، اور کیتھولک چرچ کے پوپ، پوپ فرانسس نے 2019 میں اماراتی دارالحکومت ابوظہبی میں دستخط کیے تھے۔ جو انسانی وحدت کی علامت ہے، اور مختلف ثقافتوں اور قوموں کے درمیان امن اور پرامن بقائے باہمی کے لیے عالمی مذاہب کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
اپنی طرف سے، عزت مآب ڈاکٹر قبلہ ایاز، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل اف پاکستان نے مقامی علاقائی اور عالمی سطح پر بقائے باہمی اور امن کی اقدار کو پھیلانے اور مضبوط کرنے میں مسلم کونسل اف ایلڈرزکے مؤثر کردار کی تعریف کی۔ اور مختلف مذاہب اور ثقافتوں کے درمیان زیادہ ہم آہنگی اور افہام و تفہیم کے حصول کے لیے پاکستانی معاشرے میں ان اقدار کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ اور انہوں نے بحرین فورم فار ڈائیلاگ: مشرق و مغرب برائے انسانی بقائے باہمی میں اپنی شرکت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے پاکستان میں اسلامی نظریاتی کونسل کی طرف سے مکالمے اور انسانی بقائے باہمی کی اقدار کو فروغ دینے میں مسلم کونسل اف ایلڈرز کے ساتھ تعاون کا خیرمقدم کیا۔
ملاقات کے آخر میں مسلم کونسل آف ایلڈرز کی پاکستانی برانچ کے وفد نے اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین کو ایک سیمینار میں شرکت کی دعوت دی، جس کا اہتمام پاکستان میں کونسل کی شاخ نے انسانی بھائی چارے کے عالمی دن کے موقع پر کیا ہے جو ہر سال 4 فروری کو منایا جاتا ہے۔ جس میں پاکستان کے علماء، یونیورسٹی کے پروفیسرز اور مذاہب کے نمائندے شرکت کر رہے ہیں۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ مسلم کونسل اف ایلڈر ز ایک آزاد بین الاقوامی ادارہ ہے۔ جس کی سربراہی امام اکبر پروفیسر ڈاکٹر احمد الطیب، شیخ الازہر الشریف کر رہے ہیں۔ اور یہ 2014 میں ابوظہبی میں قائم کیا گیا تھا، اور اس کی رکنیت میں ملت اسلامیہ کے علماء، ماہرین اور قابل ذکر افراد کا ایک گروپ شامل ہے جو حکمت، انصاف، آزادی، اور اعتدال پسندی کی صفات کے حامل ہے، اوراس کا مقصد مسلم اور غیر مسلم معاشروں میں امن کو مضبوط بنانے، بدامنی، جنگوں اور تنازعات کی شدت کو توڑنے اور بات چیت، رواداری، امن اور انسانی بقائے باہمی کی اقدار کو پھیلانے اور مضبوط کرنا ہے۔
