پاکستان میں مسلم کونسل آف ایلڈرز کی شاخ کے ایک وفد نے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کا دورہ کیا، تاکہ مکالمے, رواداری اور انسانی بقائے باہمی کی اقدار کو پھیلانے اور اسے فروغ دینے کے شعبوں میں مشترکہ تعاون کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔
ملاقات کے دوران، فریقین نے تشدد، مذہبی منافرت، اور مذہبی انتہا پسندی کی تمام اقسام کا مقابلہ کرنے، نوجوانوں میں غلط فہمیوں کو دور کرنے، اور دین اسلام کی اعتدال پسند اور روادارانہ سوچ کو فروغ دینے کی فوری ضرورت پر زور دیا. پاکستان میں مسلم کونسل آف ایلڈرز کی برانچ کے کوآپریٹنگ ڈائریکٹر جناب محمد ارشد نے برانچ کے میڈیا آفیسرجناب اعزاز علی شاہ کے ہمراہ مسلم کونسل آف ایلڈرز اور اس کی مسلم اور غیر مسلم کمیونٹیز کے درمیان رواداری، پرامن بقائے باہمی اور امن کی اقدار کو پھیلانے اور اسے فروغ دینے کے لیے کی جانے والی کوششوں کے بارے میں ایک تعارفی جائزہ پیش کیا. اور انسانی برادری سے متعلق دستاویز کے اصولوں سے متعلق بریفنگ بھی دی ، جس پر امام اکبر پروفیسر ڈاکٹر احمد الطیب، شیخ الازہرالشریف، اور کیتھولک چرچ کے پوپ، پوپ فرانسس نے 2019 میں اماراتی دارالحکومت ابوظہبی میں دستخط کیے تھے۔ جو انسانی وحدت کی علامت ہے، اور مختلف ثقافتوں اور قوموں کے درمیان امن اور پرامن بقائے باہمی کے لیے عالمی مذاہب کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
اپنی طرف سے، وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے وفاقی سیکرٹری جناب ڈاکٹر عطاالرحمٰن اور ریسرچ اینڈ ریفرنس شعبے کے ڈائریکٹر جناب حافظ عبدالقدوس نے مقامی، علاقائی اور عالمی سطح پر بقائے باہمی اور امن کی اقدار کو پھیلانے اور مضبوط کرنے میں مسلم کونسل آف ایلڈرز کے مؤثر کردار کی تعریف کی۔ اور پاکستانی معاشرے میں مختلف مذاہب اور ثقافتوں کے درمیان زیادہ ہم آہنگی اور افہام و تفہیم کے حصول کے لیے ان اقدار کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ مسلم کونسل آف ایلڈرز ایک آزاد بین الاقوامی ادارہ ہے جس کی سربراہی امام اکبر پروفیسر ڈاکٹر احمد الطیب، شیخ الازہر الشریف کر رہے ہیں. اس کی بنیاد ابوظہبی میں 2014 میں رکھی گئی تھی، اور اس کی رکنیت میں ملت اسلامیہ کے علماء، ماہرین اور قابل ذکر افراد کا ایک گروپ شامل ہے جو حکمت، انصاف، آزادی، اور اعتدال پسندی کی صفات کے حامل ہیں، اوراس کا مقصد مسلم اور غیر مسلم معاشروں میں امن کو مضبوط بنانے، بدامنی، جنگوں اور تنازعات کی شدت کو توڑنے اور بات چیت، رواداری، امن اور انسانی بقائے باہمی کی اقدار کو پھیلانا اور مضبوط کرنا ہے.
