مکالمے، رواداری، بقائے باہمی، امن اور انسانی اخوت کی اقدار کے فروغ کے لیے عالمی سطح پر کی جانے والی کوششوں کو مضبوط بنانے اور اس اعلیٰ پیغام کو عام کرنے کے عزم کے تحت،مسلم کونسل آف ایلڈرز متحدہ عرب امارات کی وزارتِ رواداری و ہم آہنگی کے تعاون سے رباط بین الاقوامی کتاب میلہ 2026 کے 31ویں ایڈیشن میں ایک خصوصی پویلین کے ساتھ شرکت کر رہی ہے۔ یہ میلہ 30 اپریل سے 10 مئی تک منعقد ہو رہا ہے۔
اس پویلین کو شیخ نہیان بن مبارک آل نہیان، وزیرِ رواداری و ہم آہنگی، متحدہ عرب امارات کی سرپرستی اور تعاون حاصل ہے، جو مقامی، علاقائی اور عالمی سطح پر رواداری اور انسانی بقائے باہمی کی ثقافت کو فروغ دینے کے لیے نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں، اور دنیا کے سامنے رواداری اور دوسروں کے قبول پر مبنی اماراتی ماڈل کو ایک کامیاب اور مؤثر مثال کے طور پر پیش کر رہے ہیں۔
رباط کتاب میلے میں کونسل کا پویلین پانچ زبانوں میں شائع ہونے والی 275 سے زائد کتابوں اور علمی اشاعتوں پر مشتمل ہے، جن میں 25 نئی مطبوعات شامل ہیں جو اہم فکری موضوعات کا احاطہ کرتی ہیں، انتہا پسند نظریات کا علمی رد پیش کرتی ہیں اور غلط فہمیوں کی تصحیح میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔ اس کے علاوہ، فضیلت مآب امامِ اعظم پروفیسر ڈاکٹر احمد الطیب، شیخ الازہر، چئیرمین مسلم کونسل آف ایلڈرز کی 20 سے زائد تصانیف بھی شامل ہیں، جو اسلام کی رواداری، اور اس کے فکری و فلسفیانہ ورثے کی گہرائی کو اجاگر کرتی ہیں۔ پویلین میں کونسل کے اراکین، ممتاز مفکرین اور محققین کی فکری تصانیف، منتخب ترجمہ شدہ کتابیں، اور وزارتِ رواداری و ہم آہنگی کی جانب سے شائع کردہ اہم مطبوعات بھی شامل ہیں۔
اس موقع پر مشیر محمد عبدالسلام، مسلم کونسل آف ایلڈرز کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ رباط بین الاقوامی کتاب میلہ میں شرکت کا مقصد ثقافتی اور فکری مکالمے کے دائرے کو وسعت دینا اور عالمی سطح پر کونسل کے انسانی کردار کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رباط کا یہ کتاب میلہ ایک جامع تہذیبی و ثقافتی پلیٹ فارم ہے جو خیالات کے تبادلے اور تہذیبوں کے درمیان قربت کو فروغ دیتا ہے، جو کونسل کے اس پیغام سے ہم آہنگ ہے کہ انسانوں کے درمیان مکالمے اور باہمی سمجھ بوجھ کے پل قائم کیے جائیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کونسل ایک ایسا سنجیدہ فکری مواد پیش کرنے کے لیے پُرعزم ہے جو نفرت اور انتہا پسندی کے بیانیے کا مقابلہ کرے، بقائے باہمی اور رواداری کو فروغ دے، اور اسلام کی اس مہذب اور پُرامن تصویر کو اجاگر کرے جو مکالمے، احترام اور ہم آہنگی پر قائم ہے۔
دوسری جانب عفراء الصابری، ڈائریکٹر جنرل وزارتِ رواداری و ہم آہنگی نے کہا کہ اس عالمی ثقافتی تقریب میں مسلم کونسل آف ایلڈرز کے ساتھ تعاون، متحدہ عرب امارات کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ رواداری اور بقائے باہمی کی اقدار کو عالمی سطح پر فروغ دیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ مشترکہ شرکت امارات کے اس عملی انسانی تجربے کو نمایاں کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے جو عالمی سطح پر قابلِ تقلید مثال بن چکا ہے، اور یہ پویلین تہذیبوں کے درمیان رابطے اور آگاہی کے قیام میں امارات کے عالمی کردار کی ترجمانی کرتا ہے۔
انہوں نے وزارتِ رواداری و ہم آہنگی اور کونسل کے درمیان اس تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ شراکت داری مقامی اور عالمی سطح پر انسانی اقدار کے فروغ کے لیے ایک طویل اور مسلسل تعاون کا حصہ ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ کونسل کے پویلین میں شامل نمایاں کتب میں یہ تصانیف شامل ہیں: "قول طیب”، "میری پرانی ڈائری سے "، اور "آداب و اقدار” (شیخ الازہر کی کتب)، "قرآنِ کریم میں محبت” (شہزادہ غازی الہاشمی)، "امام، پوپ اور مشکل راستہ: دستاویزِ انسانی اخوت کی پیدائش کی گواہی” (محمد عبدالسلام)، "فکر اور زبان میں فہم و تفہیم کے اصول” (ڈاکٹر مصطفیٰ بن حمزہ)، اور "منہج، عقیدہ اور شریعت پر 100 سوالات” جو انتہا پسند فکر کے شبہات کے مدلل اور پُرامن جوابات پیش کرتی ہے۔
مسلم کونسل آف ایلڈرز کی یہ شرکت امن کے فروغ، مکالمے اور بقائے باہمی کو مضبوط بنانے، اور مختلف اقوام و مذاہب کے درمیان تعاون کے پل قائم کرنے کے اس کے عزم کا عملی اظہار ہے۔ اور کونسل کا پویلین ہال B میں اسٹال نمبر B52 میں واقع ہے۔
