Muslim Elders

مسلم کونسل آف ایلڈرز: رواداری ایک انسانی، مذہبی اور اخلاقی قدر ہے، اور نفرت اور انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے اور امن کے مستقبل کی تعمیر کے لیے ایک نا گزیر ضرورت ہے۔

مسلم کونسل آف ایلڈرز، فضیلت مآب امام اکبر پروفیسر ڈاکٹر احمد الطیب، شیخ الازہر کی سربراہی میں، اس بات کی توثیق کرتی ہے کہ رواداری ایک ایسی انسانی، مذہبی اور اخلاقی قدر ہے جس کی جڑیں بہت گہری ہیں۔ یہ بقائے باہمی اور انسانی اخوت کو فروغ دینے کے لیے ایک بنیادی ستون کی حیثیت رکھتی ہے، اور ساتھ ہی لوگوں اور معاشروں کے درمیان مکالمے اور باہمی احترام کے کلچر کو پروان چڑھاتی ہے۔ کونسل مزید نشاندہی کرتی ہے کہ آج ہماری دنیا کو اس قدر کو قائم رکھنے کی اشد ضرورت ہے، تاکہ نفرت انگیز بیانیے، انتہا پسندی اور امتیازی سلوک کے بڑھتے ہوئے رجحانات کا مقابلہ کیا جا سکے- جو کہ سماجی امن اور انسانی ہم آہنگی کے لیے خطرہ ہیں۔
مسلم کونسل آف ایلڈرز، رواداری کے عالمی دن- جو ہر سال 16 نومبر کو منایا جاتا ہے- کے موقع پر، رواداری کے کلچر اور مذہبی و ثقافتی تنوع کے احترام کو فروغ دینے، نیز عدم رواداری، امتیازی سلوک اور مذاہب کے خلاف پائے جانے والے تعصبات (فوبیا) کی تمام اقسام کا مقابلہ کرنے کے لیے مربوط بین الاقوامی کوششوں کی اپیل کرتی ہے۔ کونسل اس بات پر زور دیتی ہے کہ مذہبی، تعلیمی اور میڈیا کے ادارے بیداری پیدا کرنے، نوجوانوں اور آنے والی نسلوں کو انتہا پسندانہ نظریات اور اشتعال انگیز بیانیے سے محفوظ رکھنے، اور شہریت، پرامن بقائے باہمی اور مشترکہ ذمہ داری کی اقدار کو پروان چڑھانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
مسلم کونسل آف ایلڈرز اس بات پر زور دیتی ہے کہ رواداری محض اختلافات اور تنوع کے احترام تک محدود نہیں ہے؛ بلکہ اس میں انسانی وقار کی پاسداری، حقوق و آزادیوں کے تحفظ، اور انصاف و مساوات کے اصولوں کو مستحکم کرنے کا عملی عزم شامل ہے۔ مزید برآں، مسلم کونسل آف ایلڈرز کا موقف ہے کہ مختلف مذاہب اور ثقافتوں کے پیروکاروں کے درمیان مکالمہ اور تعاون، اعتماد سازی، انسانی یکجہتی کو فروغ دینے، اور مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ایک بنیادی ستون کی حیثیت رکھتا ہے۔
مسلم کونسل آف ایلڈرز، رواداری، بقائے باہمی اور امن کے کلچر کو فروغ دینے کے لیے اپنی بین الاقوامی کوششوں اور اقدامات کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔ کونسل اس بات پر زور دیتی ہے کہ ایک زیادہ روادار اور پرامن دنیا کی تعمیر ایک مشترکہ ذمہ داری ہے؛ اس کے لیے ضروری ہے کہ انسانی اقدار اور اصولوں کو ایسے پائیدار طریقوں، پالیسیوں اور اقدامات میں ڈھالا جائے جو انسانی وقار کو بلند رکھیں اور پرامن زندگی گزارنے کے حق کا تحفظ کریں۔