Muslim Elders

مسلم کونسل آف ایلڈرز جبالیہ کیمپ میں قابض اسرائیل کی طرف سے کیے گئے قتل عام کی شدید مذمت کرتی ہے… اور غزہ کی پٹی میں فائرنگ کو روکنے اور معصوم شہریوں کو بچانے کے لیے فوری بین الاقوامی کارروائی کے مطالبے کی تجدید کرتی ہے۔

مسلم کونسل آف ایلڈرز امام الاکبر پروفیسر ڈاکٹر احمد الطیب شیخ الازہر الشریف، چئیرمین مسلم کونسل آف ایلڈرز کی سربراہی میں جبالیہ کیمپ میں اسرائیلی قابض فوج کی طرف سے فلسطینی عوام کے خلاف کیے جانے والے قتل عام کی شدید مذمت کرتی ہے جس میں سینکڑوں فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے اور خبردار کرتی ہے کہ غزہ کی پٹی پر جاری اسرائیلی جارحیت نے انسانی تباہی برپا کر رکھی ہے جس سے بے گناہ فلسطینی متاثر ہو رہے ہیں.

مسلم کونسل آف ایلڈرز نے عرب، عالم اسلام، عالمی ضمیر، تمام بین الاقوامی اداروں اور دنیا کے تمام حریت پسندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غزہ میں معصوم شہریوں کے خلاف جاری اسرائیلی غاصبانہ جارحیت کو روکنےاور 27 اکتوبر 2023 کو جاری کردہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قرارداد کے مطابق فائر بندی کے لیے فوری اقدام کریں۔

مسلم کونسل آف ایلڈرز اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ فلسطینی عوام کے خلاف اس انسانیت سوز جرم کا تسلسل، معصوم شہریوں کے خلاف ہولناک قتل عام کا جاری رہنا اور ہزاروں شہداء، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں، کا گرنا بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ اور فلسطینی عوام کے حقوق کا قتل ہے جو ستر سال سے زائد عرصے سے امن کا خواب دیکھتے ہیں اور اپنی آزاد ریاست کے قیام اور اپنے جائز حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔