Muslim Elders

شیخ الازہر، چیئرمین مسلم کونسل آف ایلڈرز، یمنی عوام کو اخوت کی روح کو ترجیح دینے اور عقل و حکمت کی آواز بلند کرنے کی دعوت دیتے ہیں تاکہ یمن کی وحدت برقرار رہے۔

فضیلت مآب امامِ اکبر پروفیسر ڈاکٹر احمد الطیب، شیخ الازہر الشریف، چیئرمین مسلم کونسل آف ایلڈرز نے برادر یمنی عوام کو، ان کے تمام گروہوں اور طبقات سمیت، اتحاد قائم کرنے، عقل و حکمت کی آواز بلند کرنے اور اخوت کی روح کو ترجیح دینے کی دعوت دی تاکہ یمن کی وحدت، استحکام اور سرزمین کی سلامتی محفوظ رہے۔

فضیلت مآب نے اپنے آفیشل فیس بک اور ایکس صفحات پر ایک پیغام میں لکھا: "ہمارے یمنی بھائیو! یہ ملک ہر عرب اور مسلمان کے لیے عزیز ہے۔ ہم آپ کو دل سے دعوت دیتے ہیں کہ اخوت کی روح کو ترجیح دیں، عقل و حکمت کی آواز بلند کریں، جو اہلِ یمن کی پہچان ہے اور جس کے بارے میں ہمارے رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: «تمہارے پاس یمن والے آئے ہیں، وہ نرم دل اور رحم دل ہیں، ایمان یمنی ہے اور حکمت یمنی ہے»۔ اس حکمت کو یاد کریں، اپنے ملک کی وحدت کو محفوظ رکھیں، اور مکالمے اور مشاورت کے ذریعے امن کی راہ اختیار کریں۔”

مزید برآں، فضیلت مآب نے عرب بھائیوں اور سب کو دعوت دی کہ اس عظیم عرب وطن کے استحکام کو محفوظ رکھنے اور اسے انتشار اور انتہا پسندی کے خطرات سے بچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں، اور قرآن کی اس آیت کی یاد دہانی کرائی: {وَلَا تَنَازَعُوا فَتَفْشَلُوا وَتَذْهَبَ رِيحُكُمْ} (آپس میں مت جھگڑو، ورنہ بزدل ہو جائو گے اور تمھاری ہوا اکھڑ جائے گی)۔

فضیلت مآب نے اپنی بات کا اختتام اس دعا سے کیا:
"اے اللہ! بلادِ عرب اور اسلام کی حفاظت فرما، اور انہیں ظاہر و باطن ہر طرح کے اختلاف اور فتنوں سے محفوظ فرما”