فضیلتِ مآب امامِ اکبر پروفیسر ڈاکٹر احمد الطیب، شیخ الازہر، چئیرمین مسلم کونسل آف ایلڈرز نے سلطنتِ عُمان کے وزیرِ اوقاف و مذہبی امور ڈاکٹر محمد بن سعید المعمری اور اُن کے ہمراہ آنے والے وفد کا استقبال کیا۔ ملاقات میں مذہبی، علمی اور فکری شعبوں میں مشترکہ تعاون کو فروغ دینے کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
فضیلتِ مآب امامِ اکبر نے الازہرِ شریف اور سلطنتِ عُمان کے درمیان مضبوط اور تاریخی تعلقات پر فخر کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس عُمانی سماجی ماڈل کی تعریف کی جو مختلف طبقات کو یکجا کرنے، حقیقی انسانی اخوت قائم کرنے اور مثبت و تعمیری بقائے باہمی کو فروغ دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ الازہر امتِ مسلمہ کے اتحاد، یکجہتی اور تماسك کی ذمہ داری اپنے کندھوں پر محسوس کرتا ہے اور اس مقصد کے لیے علماء کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے اور تفرقے کے اسباب کو کم کرنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے خصوصاً ان غیر معمولی چیلنجز کے پیشِ نظر جن کا سامنا آج کی عرب اور اسلامی دنیا کو ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اسی جذبے کے تحت الازہر نے ، مسلم کونسل آف ایلڈرز کے تعاون سے ’’اسلامی-اسلامی مکالمہ‘‘ کے بین الاقوامی اجلاس کا پہلا ایڈیشن گزشتہ سال فروری میں مملکتِ بحرین میں منعقد کیا، جس کا مقصد علماء کے درمیان وحدتِ فکر پیدا کرنا، انہیں ایک میز پر جمع کرنا، اسلامی اخوت کو مضبوط کرنا اور اختلافات کو کم کرنے کی راہیں ہموار کرنا تھا تاکہ امت کے استحکام، تعاون اور باہمی سمجھ بوجھ کو مزید تقویت مل سکے۔
اپنی جانب سے، سلطنتِ عُمان کے وزیرِ اوقاف و مذہبی امور نے شیخ الازہر سے ملاقات پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اُن کا ملک الازہرِ شریف، اور مسلم کونسل آف ایلڈرز کی اسلام کی خدمت، امت کے مسائل کے حل، اس کے اتحاد اور صفوں کی یکجہتی کے لیے کی جانے والی کوششوں کو انتہائی قدر و منزلت کی نظر سے دیکھتا ہے اور یہی وہ چیز ہے جس کی موجودہ حالات میں امت مسلمہ کو اشد ضرورت ہے۔
