سال 2025 کا جائزہ…مسلم کونسل آف ایلڈرز کے امت مسلمہ اور انسانیت کے مسائل کے دفاع میں ثابت قدم اخلاقی موقف
سال 2025 کے دوران، مسلم کونسل آف ایلڈرز نے امتِ مسلمہ اور مجموعی طور پر انسانیت کے مسائل کے حوالے سے واضح اور ثابت قدم اخلاقی و انسانی موقف اختیار کیے۔ یہ موقف امن کے فروغ، مکالمے، رواداری، بقائے باہمی اور سلامتی کی اقدار کو مضبوط کرنے، اور نفرت، تشدد، تعصب، دہشت گردی اور اسلاموفوبیا کی تمام صورتوں کو مسترد کرنے پر مبنی تھے۔
سال 2025 میں کونسل کی کوششیں انتہا پسندانہ فکر کے خلاف جدوجہد، مذاہب کے درمیان مکالمے کو فروغ دینے، امت مسلمہ کے مختلف طبقات کے درمیان باہمی سمجھ بوجھ قائم کرنے، اور نفرت و نسل پرستی پر مبنی خطابات کا مقابلہ کرنے پر مرکوز رہیں۔ کونسل نے اس بات پر زور دیا کہ انسانی وقار کا تحفظ ایک مشترکہ دینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے، اور امت کے مسائل کا دفاع انسانی اقدار کے دفاع سے جدا نہیں۔ کونسل نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ایک منصفانہ اور متوازن خطاب اپنائے جو عالمی امن اور استحکام کو فروغ دے۔
غزہ پر حملے کے حوالے سے، مسلم کونسل آف ایلڈرز نے متعدد بیانات کے ذریعے غزہ پر حملے کی سخت مذمت کی، اور اس بات پر زور دیا کہ فلسطینی عوام کی سات دہائیوں سے جاری مشکلات کو ختم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں، فلسطینی مسئلے کا ایک منصفانہ اور مستقل حل تلاش کیا جائے، اور فلسطینی عوام کے اس جائز حق کو تسلیم کیا جائے کہ وہ اپنی آزاد ریاست قائم کریں جس کا دارالحکومت القدس شریف ہو۔ کونسل نے فلسطینی عوام کو بے دخل کرنے کی تمام کوششوں کو مسترد کیا اور عرب، اسلامی اور بین الاقوامی موقف کی حمایت کی جو فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہیں۔
کونسل نے بیت المقدس میں قابض اسرائیل کی خلاف ورزیوں، قابض اسرائیلی وزیرِ اعظم کے اس بیان پر شدید مذمت کی جو نام نہاد "گریٹر اسرائیل کے وژن” سے متعلق تھا، اورقابض اسرائیل کی جانب سے مغربی کنارے میں 3400 نئی آبادکاری یونٹس کی تعمیر کے اعلان، مغربی کنارے پر قبضے کے لیے دو قانونی منصوبوں کی منظوری، اور مغربی کنارے میں 19 بستیوں کے قیام کی مذمت کی۔ کونسل نے حرمِ ابراہیمی پر قبضے کے منصوبوں، مسجدِ اقصیٰ پر بار بار حملوں، قابض اسرائیلی حکومت کے غزہ پر قبضے کے فیصلے، مسجدِ اقصیٰ کو دھماکے سے اڑانے کی انتہا پسندانہ اشتعال انگیز دعوتوں، بیت المقدس میں مسیحیوں کے خلاف خلاف ورزیوں، اور غزہ میں چرچ آف دی لیٹن کو نشانہ بنانے کی بھی مذمت کی۔ کونسل نے فرانس، برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا اور پرتگال کی جانب سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے اعلان کا خیر مقدم کیا اور دنیا کے تمام ممالک سے فلسطین کو تسلیم کرنے کی اپیل کی۔
عالمی سطح پر امن قائم کرنے کی کوششوں کے حوالے سے، مسلم کونسل آف ایلڈرز نے قابض اسرائیلی فوجی حملے کی مذمت کی جس میں قطر کے دارالحکومت دوحہ کو نشانہ بنا گیا، اسی طرح قابض اسرائیل کے ایران پر حملے اور شام کی زمینوں پر قبضے کی بھی مذمت کی۔ کونسل نے بھارت اور پاکستان سے ضبط و تحمل اور مکالمے و سمجھ بوجھ کی زبان کو ترجیح دینے کی اپیل کی اور دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کا خیر مقدم کیا۔ اسی طرح پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کا بھی خیر مقدم کیا، اور آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان امن معاہدے تک پہنچنے کے لیے مذاکرات کا خیر مقدم کیا۔ کونسل نے قاہرہ میں منعقدہ ہنگامی عرب سربراہی اجلاس اور قابض اسرائیل کی جانب سے قطر کے دارالحکومت دوحہ کو نشانہ بنانے پر غور کرنے کے لیے منعقدہ ہنگامی عرب-اسلامی سربراہی اجلاس کے نتائج کا بھی خیر مقدم کیا۔
تشدد اور دہشت گردی کے خلاف موقف کے حوالے سے، مسلم کونسل آف ایلڈرز نے واضح طور پر نیو اورلینز اور لاس ویگاس (امریکہ) میں ہونے والے پرتشدد واقعات، سویڈن کے ایک تعلیمی مرکز میں فائرنگ، جرمنی کے شہر میونخ میں گاڑی چڑھانے کے واقعے، پاکستان کے جنوب مغربی علاقے بلوچستان میں ٹرین پر ہونے والے دہشت گرد حملے، جمہوریہ کانگو میں چرچ پر حملے، امریکی ریاست مشی گن میں چرچ پر حملے، سڈنی میں فائرنگ کے واقعے، امریکہ کی براون یونیورسٹی میں فائرنگ، نائیجیریا میں ایک کیتھولک اسکول سے 300 سے زائد طلبہ اور عملے کے اغوا، شمال مشرقی نائیجیریا میں دہشت گرد حملے، اور سوڈان کے شمالی دارفور میں انسانی امدادی قافلے پر حملے کی مذمت کی۔ کونسل نے عالمی سطح پر مکالمے، رواداری، بقائے باہمی اور انسانی اخوت کی اقدار کو فروغ دینے کے لیے کوششوں کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
اسلاموفوبیا کے حوالے سے، مسلم کونسل آف ایلڈرز نے فرانس کے جنوب میں ایک مسجد میں نمازی کے قتل، جرمنی کے شہر ہینوور میں الجزائری طالبہ رحمة عياط کے قتل، شمالی نائیجیریا میں مسجد پر حملے، اور شمالی دارفور میں مسجد پر حملے کی مذمت کی۔ کونسل نے اس بات پر زور دیا کہ نسل پرستی، انتہا پسندی، نفرت اور اسلاموفوبیا کی تمام صورتوں کے خلاف ایک عالمی حکمتِ عملی تیار کی جائے، اور ایسے قوانین بنائے جائیں جو ان دہشت گردانہ اور نفرت انگیز اقدامات کو جرم قرار دیں۔ ساتھ ہی مکالمے، رواداری، بقائے باہمی، امن، باہمی احترام اور انسانی اخوت کی ثقافت کو فروغ دینے پر کام کیا جائے۔
انسانی یکجہتی کے حوالے سے قدرتی آفات اور حادثات میں، مسلم کونسل آف ایلڈرز نے افغانستان میں مشرقی اور شمالی علاقوں میں آنے والے زلزلے کے متاثرین، کردستان میں سیلاب اور طوفانی بارشوں کے متاثرین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا، اور بنگلہ دیش میں آنے والے زلزلے کے متاثرین کے لیے تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ اسی طرح کونسل نے انڈونیشیا میں سیلاب اور زمین کھسکنے کے متاثرین، تھائی لینڈ اور میانمار میں زلزلے کے متاثرین، ترکی میں بحر مرمرہ کے زلزلے کے متاثرین، شرم الشیخ میں قطر کے المناک ٹریفک حادثے کے متاثرین، مراکش میں آسفی شہر کے سیلاب متاثرین، عراق میں کربلا کے پل کے گرنے کے متاثرین، پاکستان میں سیلاب اور طوفانی بارشوں کے متاثرین، سوڈان میں دارفور کے خوفناک زمین کھسکنے کے متاثرین، اور الجزائر میں وادی الحراش کے حادثے کے متاثرین کے لیے تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔
مسلم کونسل آف ایلڈرز کا 2025 کا جائزہ ایک ثابت قدم اخلاقی رویے کی عکاسی کرتا ہے، جو انسانی اقدار کے ساتھ وابستگی، امت مسلمہ کے مسائل کے دفاع، اور امن و بقائے باہمی کی ثقافت کو مضبوط کرنے پر مبنی ہے، ایسے عالم میں جو بڑھتے ہووے چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے اور جسے حکمت، عقل اور ذمہ داری کی آواز کی ضرورت ہے۔
